اپر کوہستان مالیاتی سکینڈل: عدالت نے ایک ملزم کا جسمانی اور دوسرے کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا

اپر کوہستان مالیاتی سکینڈل: عدالت نے ایک ملزم کا جسمانی اور دوسرے کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا

کامران علی شاہ
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی سکینڈل میں عسکری بینک داسو برانچ کے آپریشن آفیسر کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے جبکہ دوسرے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

احتساب جج محمد ظفر کی عدالت میں عسکری بینک داسو کے برانچ آپریشن آفیسر حریق شاہ کو پیش کیا گیا۔ نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے جعلی دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے دو مختلف بینک اکاؤنٹس بنائے، جن میںکروڑوں روپے کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔

تفتیشی رپورٹ کے مطابق ایک اکاؤنٹ میں 149.470 ملین روپے جبکہ دوسرے اکاؤنٹ میں236.585 ملین روپے کی ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئی ہیں۔ عدالت نے ملزم سے مزید تفتیش کے لیے اسے 7 روز کے لیے نیب کی تحویل میں دے دیا۔

دوسری جانب اسی سکینڈل میں ملوث ایک اور ملزم جبران ملک کو بھی دوبارہ عدالت میں پیش کیا گیا۔

نیب پراسیکیوٹر اور تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مانسہرہ کے علاقے قاضی کوٹ سے تعلق رکھنے والے ملزم نے نجی بینک میں اکاؤنٹ کھول کر49.125 ملین روپے کی ٹرانزیکشن کی، جس کا ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف بھی کر لیا ہے۔

نیب کی جانب سے تفتیش مکمل ہونے کے بیان پر عدالت نے ملزم جبران ملک کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

Scroll to Top