مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال نے عالمی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا، خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال نے عالمی معیشت کو شدید متاثر کر دیا ہے۔

خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ  آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ موجودہ عالمی بحران کے باوجود ملک میں قیمتوں میں محدود اضافہ برقرار رکھنا حکومت کے لیے ایک مشکل اور محنت طلب کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی، مختلف ممالک سے روابط اور انتظامی اقدامات کی ایک طویل داستان ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے بھی خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی عالمی صورتحال نے تیل کی قیمتوں کو بلند سطح پر پہنچا دی ہیں۔

سوشل میڈیا ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت محض چند ہی دنوں میں 78 ڈالر سے بڑھ کر 106 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت عالمی قیمتوں کے عین مطابق اضافہ کرتی تو پیٹرول 110 روپے فی لیٹر مہنگا ہوتا لیکن عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بوجھ کو آدھا یعنی صرف 55 روپے تک محدود رکھا گیا ہے۔

Scroll to Top