متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر شفقت علی خان کا ایک اہم ویڈیو پیغام سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو افواہوں اور جھوٹی خبروں سے بچنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا ذمے دارانہ استعمال یقینی بنایا جائے اور متحدہ عرب امارات کے قوانین کا مکمل احترام کیا جائے۔
شفقت علی خان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستانی برادری کو مستند معلومات کے لیے متعلقہ حکام اور اداروں کی ہدایات اور اعلانات پر انحصار کرنا چاہیے۔
سفیرِ پاکستان شفقت علی خان کا متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری کے لیے خصوصی پیغام ! pic.twitter.com/tJE4D7SG8M
— Pakistan Embassy UAE (@PakinUAE_) March 8, 2026
پاکستانی سفیر نے یہ بھی کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی حفاظت اور سلامتی ہمیشہ کی طرح پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شفقت علی خان نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں اپنے اماراتی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسٹیٹ بینک آف پاکستان آج نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ اور قونصل خانہ پاکستانیوں کی 24 گھنٹے معاونت کے لیے مصروف عمل ہیں اور ان مشنوں میں خصوصی ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں جو 24 گھنٹے فعال ہیں۔
پاکستانی مشن کی متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہے اور پاکستانی برادری کی سہولت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ سب کو مل کر ذمے داری، صبر اور اتحاد کے ساتھ اس صورتحال کا سامنا کرنا ہے۔





