محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور ملک کے دیگر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کی تفصیلی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے مختلف حصوں میں موسم میں نمایاں فرق دیکھنے کو ملے گا۔
اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور رات کے وقت چند علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا میں بھی مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ خاص طور پر چترال، دیر، سوات، کرم، خیبر، مہمند، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے۔
پنجاب میں آج موسم خشک رہے گا اور دن کے وقت زیادہ تر علاقوں میں گرم رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے راولپنڈی، اٹک، مری اور گلیات میں رات کے وقت ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج موسم خشک اور گرم رہے گا جبکہ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ تین ماہ کا موسمی آؤٹ لک بھی جاری کر دیا ہے۔ اس کے مطابق مارچ سے مئی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور درجہ حرارت میں نمایاں تبدیلیاں متوقع ہیں۔ خاص طور پر ملک کے وسطی اور مغربی علاقوں میں بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ جنوبی خیبرپختونخوا، وسطی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بھی بارشیں معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے بڑھتے اثرات کے باعث بہار کے موسم میں بارشوں میں اضافہ متوقع ہے۔ سندھ میں مارچ سے مئی کے دوران بارشیں معمول کے مطابق رہیں گی جبکہ بلوچستان کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں بھی بارشیں زیادہ تر معمول کے مطابق متوقع ہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارش یا خراب موسم کے دوران احتیاطی اقدامات کریں اور محکمہ موسمیات کی جاری کردہ معلومات پر نظر رکھیں تاکہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔





