مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے باعث آج ملک کے بین الاقوامی ایئرپورٹس سے مشرق وسطیٰ کی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اس کے نتیجے میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور سفر میں تاخیر کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے دبئی، شارجہ اور کویت جانے والی 44 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ اسلام آباد ایئرپورٹ سے دبئی، ابو ظہبی اور دوحہ جانے والی 8 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر دبئی، ابو ظہبی، قطر، کویت اور بحرین جانے والی 18 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
پشاور ایئرپورٹ سے 16، ملتان سے 10، سیالکوٹ سے 4 اور فیصل آباد ایئرپورٹ سے 2 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ منسوخ شدہ پروازوں میں ایمریٹس، اتحاد، ایئر عربیہ، پی آئی اے سمیت دیگر بین الاقوامی ایئرلائنز شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ 10 دنوں کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی تعداد 1148 تک پہنچ گئی ہے، جس سے مسافروں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو متبادل انتظامات اور بروقت معلومات فراہم کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔
ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث یہ صورتحال مزید جاری رہ سکتی ہے، اور مسافروں کو اپنے سفر کی منصوبہ بندی احتیاط کے ساتھ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





