افغان دعوے محض پروپیگنڈا، پاکستان نے شہری علاقوں پر کوئی حملہ نہیں کیا ، عطا تارڑ

افغان دعوے محض پروپیگنڈا، پاکستان نے شہری علاقوں پر کوئی حملہ نہیں کیا ، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے واضح کیا ہے کہ افغانستان میں پاکستان کی کارروائیاں صرف دہشت گردوں کے خلاف ہیں اور شہری علاقوں کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ غیر ملکی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں کسی بھی شہری علاقے کو ہدف نہیں بنایا بلکہ کارروائیاں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان کے معاون نظام کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں۔

عطا تارڑ نے افغان حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے اعداد و شمار کو حقیقت پر مبنی قرار نہیں دیا اور کہا کہ یہ سنجیدہ تبصرے کے بھی قابل نہیں ہیں۔ انہوں نے افغان وزارت دفاع کے ترجمان کے پاکستان کے خلاف دعوے کو محض پروپیگنڈا قرار دیا۔

وزیر اطلاعات نے اقوام متحدہ کے افغانستان میں قائم مشن کی رپورٹ کی بھی تردید کی، جس میں افغان شہریوں کی ہلاکتوں کا ذکر تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کابل میں قائم یہ ایجنسی زیادہ تر معلومات طالبان حکومت سے حاصل کرتی ہے، جس کی وجہ سے رپورٹس میں تعصب ممکن ہے۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ افغان طالبان حکومت اور افغانستان سے سرگرم مختلف دہشت گرد تنظیموں کے درمیان گٹھ جوڑ موجود ہے، جس کا واضح ثبوت طالبان اور ٹی ٹی پی (فتنہ الخوارج) کی مشترکہ کارروائیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ان دہشت گردوں اور ان کے معاونین بشمول افغان طالبان کے فوجی اڈوں کو درست طریقے سے نشانہ بنایا اور تمام حملوں کا فوری اور مؤثر جواب دیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی کارروائیاں امن اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہیں اور افغان دعوے حقیقت کے منافی ہیں۔

Scroll to Top