وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آ فریدی نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے عوام کو بچانا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں سب سے پہلے حکمرانوں اور ریاستی اداروں کو اپنی مراعات کم کرنی چاہئیں تاکہ عوام پر بوجھ نہ پڑے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پروٹوکول اور سرکاری اخراجات میں کمی لا کر عوام کو ریلیف دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں قربانی کے وقت ہمیشہ عوام کو نشانہ بنایا جاتا ہے، اور یہ رویہ تبدیل ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کووڈ کے عالمی بحران کے باوجود عمران خان کے دور میں عوام اور کاروبار کو ریلیف دیا گیا، اور یہی اصول موجودہ حکومت کی ترجیح ہے۔
سہیل آ فریدی نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت ہر اس فیصلے کی مخالفت کرے گی جو عوام پر اضافی بوجھ ڈالے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ “احساس رمضان دسترخوان پروگرام” کو بہتر انداز میں چلائیں، تاکہ بڑی تعداد میں مستحق افراد مستفید ہوں۔
وزیراعلیٰ نے مزدور طبقے کے تحفظ کے لیے ہدایت دی کہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں “احساس مزدور شیلٹر” قائم کیے جائیں، جہاں مزدوروں کے لیے سایہ دار جگہ، پینے کا پانی اور کھانے کا انتظام کیا جائے۔
سہیل آ فریدی کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں حکومتی اقدامات اور معاشرتی سہولیات عوام کے لیے ریلیف کا باعث بنیں، اور سرکاری وسائل کا زیادہ سے زیادہ فائدہ عوام تک پہنچایا جائے۔





