محمد اعجاز آفریدی
پشاور: حکومت خیبرپختونخوا کے محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات نے ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر (بی پی ایس 17) کے عہدوں پر آٹھ امیدواروں کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ تقرریاں خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کی سفارشات پر کی گئی ہیں۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سعد الرحمان، محمد عماد، محمد یحییٰ خان، انسا کرن، محمد جنید، محمد لقمان، وسیم سجاد اور حفصہ خان کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئے تعینات ہونے والے افسران ابتدائی طور پر ایک سال کی مدت کے لیے پروبیشن پر ہوں گے جس میں کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے کی صورت میں مزید ایک سال تک توسیع دی جا سکتی ہے۔
دورانِ پروبیشن کارکردگی غیر تسلی بخش ہونے پر ملازمت ختم کی جا سکتی ہے جبکہ استعفیٰ دینے کی صورت میں چودہ روز قبل نوٹس دینا لازم ہوگا۔
محکمہ کی جانب سے جاری احکامات کے تحت تقرری کے ساتھ ہی افسران کی پوسٹنگ بھی کر دی گئی ہے۔ سعد الرحمان کو ای پی اے ریجنل آفس ایبٹ آباد، محمد عماد کو ای پی اے ریجنل آفس ملاکنڈ (سوات) جبکہ محمد یحییٰ خان کو ای پی اے سنٹرل ڈائریکٹوریٹ پشاور میں تعینات کیا گیا ہے۔
اسی طرح انسا کرن کو ای پی اے ہیڈ آفس پشاور، محمد جنید کو ای پی اے ڈویژنل آفس اورکزئی، محمد لقمان کو ای پی اے خیبر آفس جبکہ وسیم سجاد اور حفصہ خان کو ای پی اے ہیڈ آفس پشاور میں تعینات کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس تقرری سے سینیارٹی کا کوئی حق پیدا نہیں ہوگا جبکہ افسران کی باہمی سینیارٹی کا تعین خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کی جاری کردہ میرٹ لسٹ کے مطابق کیا جائے گا۔





