پاک فوج کی چمن سیکٹر میں بڑی کارروائی، سرحد پار سے دراندازی کی کوشش ناکام، افغان دہشت گرد گرفتار

پاک فوج نے پاک افغان سرحد کے قریب چمن سیکٹر میں سرحد پار سے دہشت گردوں کی دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے افغان دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

کارروائی کے بعد گرفتار دہشت گردوں کو مقامی آبادی کے سامنے پیش کیا گیا جہاں شہریوں نے ان کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، دہشت گرد سرحد عبور کر کے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ پاک فوج کے مستعد دستوں نے انہیں گھیرے میں لے لیا اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں زندہ گرفتار کر لیا۔ ان دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور ممنوعہ مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

گرفتار دہشت گردوں کو جب مقامی لوگوں کے سامنے لایا گیا تو وہاں موجود شہریوں کا غصہ پھٹ پڑا اور انہوں نے ان دہشت گردوں پر زوردار آواز میں لعنت ملامت کی۔

مقامی افراد نے دہشت گردوں کے خلاف نعرے بازی کی اور سرحد پار سے ہونے والی ان پرتشدد کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی ایسی کوششیں خطے کے امن اور مقامی آبادی کے سکون کو برباد کرنے کی مذموم سازش ہیں جنہیں پاک فوج اور عوام مل کر ناکام بنا دیں گے۔

Scroll to Top