بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے میں 3 کھلاڑیوں کا ڈیبیو،شاہین آفریدی نے نام بتادیئے

پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کے لیے تین نوجوان کھلاڑیوں کے ڈیبیو کی تصدیق کر دی ہے۔

ڈھاکا میں پری میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان نے بتایا کہ صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت اور شامل حسین کو قومی ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے کیونکہ ان کی حالیہ ڈومیسٹک پرفارمنس انتہائی شاندار رہی ہے۔

شاہین آفریدی نے صاحبزادہ فرحان کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹاپ اسکورر رہ چکے ہیں اور ٹیم کے لیے اہم اثاثہ ثابت ہوں گے۔

قومی کپتان نے واضح کیا کہ کسی بھی سینئر کھلاڑی کو ڈراپ نہیں کیا گیا بلکہ یہ فیصلہ مستقبل کی منصوبہ بندی اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کے لیے کیا گیا ہے کیونکہ یہی کھلاڑی پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں اور ٹیم کو آئندہ ورلڈ کپ کے لیے تیار کرنا ترجیح ہے۔

شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پہچان ہمیشہ سے مضبوط فاسٹ بولنگ رہی ہے لیکن ان کی کوشش ہوگی کہ اس سیریز میں اسپنرز بھی فاسٹ بولرز کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے بنگلہ دیش کو ایک مضبوط حریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہوم کنڈیشنز میں ہر ٹیم بہتر کھیلتی ہے اور بنگلہ دیش نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کو شکست دی ہے، تاہم پاکستان کی ٹیم بھی جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف سیریز جیت کر پر اعتماد ہے۔ ڈھاکا میں ٹیم کے آخری پریکٹس سیشن کے بعد پلیئنگ الیون کو حتمی شکل دی جائے گی۔

Scroll to Top