ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی :بھارتی فاسٹ بولر پر بھاری جرمانہ عائد

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

یہ کارروائی اتوار کو احمد آباد میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے پر کی گئی ہے۔

ارشدیپ سنگھ کو آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.9 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا جو بین الاقوامی میچ کے دوران کسی کھلاڑی کی طرف نامناسب یا خطرناک انداز میں گیند یا کرکٹ کا سامان پھینکنے سے متعلق ہے۔

یہ واقعہ نیوزی لینڈ کی اننگز کے 11ویں اوور میں پیش آیا جب ارشدیپ نے فالو تھرو پر فیلڈنگ کرتے ہوئے جارحانہ اور غیر ضروری طور پر گیند پھینکی جو کیوی بیٹر ڈیرل مچل کے پیڈز پر جا لگی۔

آئی سی سی کے مطابق جرمانے کے ساتھ ساتھ ارشدیپ کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا بھی اضافہ کر دیا گیا ہے جو گزشتہ 24 ماہ کے دوران ان کی پہلی خلاف ورزی ہے۔

بھارتی فاسٹ بولر نے میچ ریفری کی جانب سے تجویز کردہ سزا کو تسلیم کر لیا ہے جس کے باعث اس کیس میں کسی باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

Scroll to Top