اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کسی صورت بھارت کی افغانستان سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی سازش یا مداخلت برداشت نہیں کرے گا۔
عاصم افتخار نے بھارت اور افغان نمائندوں کے بیانات پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے شواہد فراہم کیے ہیں کہ بھارت دہشت گرد گروپوں کے ساتھ مل کر پاکستان میں حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ہمیشہ افغانستان میں تخریب کاری کا کردار ادا کرتا رہا ہے، جبکہ پاکستان نے افغانستان میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔
پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ بھارت افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی بھڑکانے کی اپنی پالیسی ترک کرے، کیونکہ یہ خطرناک کھیل طویل عرصے سے جاری ہے اور خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں موجود دہشتگرد گروہ پڑوسی ممالک کے لیے بڑا خطرہ ہیں، چین
عاصم افتخار نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے نام نہاد نمائندے حقیقت میں کسی قوم یا ملک کی نمائندگی نہیں کرتے بلکہ صرف اپنے ذاتی مفادات کے لیے بات کرتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہر صورت اپنی سرزمین کی حفاظت کرے گا اور کسی بھی بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔





