بھارت افغانستان میں پاکستان کے دشمنوں کی پشت پناہی کر رہا ہے، بیرسٹرگوہر

راولپنڈی: چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بھارت افغانستان میں اپنے قونصل خانوں کی آڑ میں دہشتگردی کروا رہا ہے اور جو بھی پاکستان کے دشمن ہیں وہ درحقیقت دہشتگرد ہیں۔ انہوں نے افغانستان سے کہا کہ وہ کسی بھی صورت پاکستان کے خلاف پراکسی کا کردار ادا نہ کرے۔

بیرسٹر گوہر نے ایران پر ہونے والے حالیہ حملوں کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے کے امن کے لیے مؤقف دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رجیم چینج کی بات بالکل غلط ہے اور پاکستان کے خلاف کسی سازش کی حمایت ناقابل قبول ہے۔

راولپنڈی کے داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ انہیں وزیراعظم کی جانب سے پیغام ملا تھا کہ اسمبلی اجلاس کے دوران ملاقات ممکن ہو گی، تاہم یہ ملاقات ممکن نہ ہو سکی۔

انہوں نے کہا کہ ملاقاتیں یا مذاکرات ہوں، اس میں سنجیدگی ضروری ہے اور پاکستان نے ہمیشہ تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مئی میں بھی پاکستان نے خطے میں اپنے مؤقف کے ساتھ کھڑا رہ کر معرکہ حق میں اللہ کی مدد سے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جس نے تاریخ رقم کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کا اسٹاک حکومت کے پاس ہوتا تو موجودہ حالات پیدا نہ ہوتے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن کام کروا لیں، لیکن اپنی شاہ خرچیوں کو بند کریں۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے خلاف جنگ کی منصوبہ بندی میں پیش رفت، ٹرمپ پُر اعتماد، وائٹ ہاؤس کا اعلان

بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی نے خطے اور ملک کے حوالے سے ہمیشہ مؤقف دیا ہے اور جو پاکستان کے دشمن ہیں وہ دہشتگرد ہیں۔

انہوں نے ایران پر حملوں کی شدید مذمت کی اور زور دیا کہ پاکستان کے مفادات اور خطے کے امن کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔

Scroll to Top