ایران سے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ دسویں روز بھی جاری، 111 افراد پاکستان پہنچ گئے

گوادر: ایران میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ دسویں روز بھی جاری رہا، اور آج 111 افراد گبد ریمدان بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے بتایا کہ آج سرحد عبور کرنے والوں میں 15 طلبہ، 48 پاکستانی بزنس مین، 8 سی مین اور 5 ایرانی شہری شامل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ سب افراد بلوچستان حکومت کے مہمان کے طور پر وطن واپس آئے ہیں۔

نقیب اللہ کاکڑ نے مزید بتایا کہ گزشتہ 10 روز کے دوران ایران سے مجموعی طور پر 1121 افراد پاکستان پہنچ چکے ہیں، جن میں 330 طلبہ شامل ہیں۔ یہ اقدام ایران میں پھنسے پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے حکومت کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن واپس آنے والے تمام افراد کو سرحد عبور کرنے کے بعد فوری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور انہیں مناسب رہائش، خوراک اور طبی سہولیات میسر ہیں تاکہ وہ بلا کسی دشواری اپنے مقامی علاقوں کو جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : ضم اضلاع میں سکولوں کی سولرائزیشن منصوبہ شدید تاخیر کا شکار، ہزاروں طلبہ بجلی سے محروم

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان کی ٹیم ہر روز سرحد پر موجود رہتی ہے اور واپسی کے عمل کو آسان، منظم اور محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ نے شہریوں اور طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ سرحد عبور کرتے وقت تمام ضروری دستاویزات ساتھ لائیں اور متعلقہ حکام کے تعاون سے ہی سفر کریں تاکہ کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

Scroll to Top