سہیل خان
شانگلہ: ضلع شانگلہ کے علاقے لیلونی اچر میں آسمانی بجلی گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق جبکہ تین بچے زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق آسمانی بجلی یار محمد نامی شخص کے گھر پر گری جس سے گھر کے اندر موجود میاں، بیوی اور ان کا بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کے دوران گھر میں موجود مزید تین بچے زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی بچوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی ہے۔
مقامی افراد کے مطابق واقعہ شدید بارش اور گرج چمک کے دوران پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
علاقہ مکینوں نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سوات میں افسوسناک واقعہ
جبکہ دوسری جانب رحیم آباد میں ایک افسوسناک واقعے میں گھریلو تنازعے کے دوران شوہر نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی کو قتل کر دیا۔ مقتولہ پشاور کے ایک اسپتال میں ایل ایچ وی کے طور پر تعینات تھی۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد مقتولہ کی لاش سیدو شریف اسپتال منتقل کر دی گئی ہے تاکہ قانونی اور طبی کارروائی مکمل کی جا سکے۔
پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقات میں گھریلو تنازعے کی نوعیت اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





