پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ آج ڈھاکا کے شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ کا آغاز سہ پہر 1 بجکر 15 منٹ پر ہوگا، جس میں دونوں ٹیمیں میدان میں آمنے سامنے ہوں گی۔
پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کی جانب سے تین نئے کھلاڑی ڈیبیو کریں گے: صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت اور شامل حسین۔ واضح رہے کہ صاحبزادہ فرحان نے حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھا کر اپنا نام بنایا ہے۔
سیریز کے باقی میچ بالترتیب 13 اور 15 مارچ کو شیڈول ہیں، اور تمام میچز ڈھاکا کے شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سیریز کے لیے منتخب کی گئی نئی ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے پاکستان شاہینز اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں جگہ بنائی ہے، اور امید ہے کہ یہ کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر بھی بہترین کھیل پیش کریں گے۔
مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ بنگلا دیش کی کنڈیشنز میں کھیلنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، اس لیے ٹیم کو جلد از جلد مقامی پچ اور موسم کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا تاکہ میزبان ٹیم کو سخت مقابلہ دیا جا سکے۔
پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں۔ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فیصل اکرم، حارث رؤف، حسین طلعت اور معاذ صداقت شامل ہیں۔ اس کے علاوہ محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، محمد غازی غوری، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا اور شمائل حسین بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔





