پاسدارانِ انقلاب کا بڑا دعویٰ، کویت میں امریکی اڈا نشانہ، بن گوریان ایئرپورٹ پر میزائلوں کی بارش

پاسدارانِ انقلاب کا بڑا دعویٰ، کویت میں امریکی اڈا نشانہ، بن گوریان ایئرپورٹ پر میزائلوں کی بارش

ایران کی نیم فوجی فورس پاسدارانِ انقلاب اسلامی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت میں موجود ایک امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اس کارروائی کے ساتھ ساتھ ایران نے بن گوریان ایئرپورٹ پر بھی میزائل حملے کیے ہیں۔

ایرانی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یکے بعد دیگرے میزائل ایئرپورٹ کے اطراف میں گرتے ہیں جس کے نتیجے میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی ہیں اور آگ کے شعلے بلند ہوتے نظر آتے ہیں۔ ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے دفاعی نظام نے چند میزائلوں کو تو روک لیا، تاہم باقی حملوں کے باعث علاقے میں خطرے کے سائرن بجتے رہے۔

دوسری جانب امریکا نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رکھی جائیں گی جب تک اسے مکمل طور پر شکست نہیں دی جاتی۔

اقوامِ متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 1300 سے زائد ایرانی شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق ان حملوں میں مجموعی طور پر 9 ہزار 669 شہری مقامات تباہ ہوئے جن میں 7 ہزار 943 رہائشی مکانات بھی شامل ہیں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے، جبکہ عالمی برادری سے فوری مداخلت اور کشیدگی کم کرنے کے اقدامات کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top