خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ مزمل اسلم نے رمضان پیکج کے حوالے سے اہم اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ صوبے میں مستحق خاندانوں کو مالی امداد کی فراہمی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق خیبرپختونخوا رمضان پیکج کے تحت اب تک 9 لاکھ 12 ہزار 89 (912,089) خاندانوں کو ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے تقریباً 1 لاکھ 16 ہزار 737 (116,737) خاندان اپنی رقوم وصول بھی کر چکے ہیں۔
مزمل اسلم نے کہا کہ باقی مستحق خاندان بھی جلد از جلد اپنی رقم وصول کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مستحقین کو ہدایت کی کہ وہ صوبے بھر میں قائم کسی بھی جاز کیش آؤٹ لیٹ سے اپنی مالی امداد حاصل کریں۔
وزیر خزانہ کے مطابق رمضان پیکج کے تحت ادائیگیوں کو آسان بنانے کے لیے پورے خیبرپختونخوا میں 5,500 جاز کیش آؤٹ لیٹس نامزد کیے گئے ہیں تاکہ مستحق افراد کو رقوم کے حصول میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت رمضان المبارک کے دوران مستحق اور کم آمدنی والے خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس پیکج کے ذریعے لاکھوں خاندانوں کو براہِ راست مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔





