بنگلادیش نے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
پاکستان کی جانب سے دیا گیا 115 رنز کا معمولی ہدف میزبان ٹیم نے صرف 16ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
میرپور میں کھیلے گئے میچ میںبنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن بنگلادیشی بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 30.4 اوورز میں محض 114 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے سات کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، فہیم اشرف 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے صاحبزادہ فرحان نے 27، معاذ صداقت نے 12 اور محمد رضوان نے 10 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی جانب سے ناہید رانا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے ابتدائی پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مہدی حسن میراز نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں بنگلادیش نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 115 رنز کا ہدف محض 16ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اوپنر تنزید حسن نے 67 رنز کی جارحانہ اور ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنائی، دیگر بلے بازوں میں نجم الحسن شنٹو 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ لٹن داس 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔





