گوگل نے پاکستان کے لیے ایک نئےگوگل اے آئی پروفیشنل سرٹیفکیٹ کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
پروگرام کا مقصد مصنوعی ذہانت کی مہارتوں میں تیزی سے بڑھتے ہوئے خلا کو کم کرنا اور پیشہ ور افراد کو ایسی عملی مہارتیں فراہم کرنا ہے جن کی مدد سے وہ اپنی روزمرہ پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں اے آئی کو مؤثر انداز میں استعمال کر سکیں۔
گوگل کے مطابق عالمی معیشت کی بنیادوں کو تبدیل کرتی ہوئی مصنوعی ذہانت کے باعث ایسے ماہر افراد کی طلب بڑھ رہی ہے جو اس ٹیکنالوجی کو سمجھنے اور استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں جبکہ اس بڑھتی ہوئی طلب کے مقابلے میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی کمی ایک نمایاں مسئلہ بن چکی ہے۔
ایپسوس اور گوگل کی مشترکہ تحقیق کے مطابق تقریباً 70 فیصد منیجرز کا خیال ہے کہ کامیابی کے لیے مصنوعی ذہانت کی تربیت یافتہ افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے جبکہ صرف 14 فیصد کارکنوں کو حقیقت میں اے آئی کی تربیت کی پیشکش کی گئی ہے۔
گوگل کا یہ نیا سرٹیفکیٹ پروگرام اسی فرق کو کم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ پروگرام ’مشق کے ذریعے سیکھنے‘ کے تصور پر مبنی ہے اور اس میں 20 سے زیادہ عملی سرگرمیاں شامل ہیں، سیکھنے والوں کو بہتر ٹولز تک رسائی فراہم کرنے کے لیے پروگرام میں داخلہ لینے والوں کو تین ماہ کے لیے گوگل اے آئی پرو تک مفت رسائی بھی دی جاتی ہے۔
پروگرام کے ذریعے شرکا گوگل کے جدید ترین اے آئی ماڈلز کے ساتھ براہِ راست مشق کر سکتے ہیں اور انہیں پہلے سے زیر استعمال ٹولز جیسے گوگل ڈوکس، جی میل اور گوگل شیٹس میں استعمال کرسکتے ہیں۔
یہ سرٹیفکیٹ پروگرام 6 جامع کورسز اور ایک حتمی اختتامی پروجیکٹ پر مشتمل ہے، جو گوگل کے ماہرین اور اے آئی کے پیشہ ور افراد کی جانب سے تیار کیا گیا ہے، یہ پروگرام خاص طور پر مصروف پیشہ ور افراد کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے اور اسے اپنی رفتار کے مطابق 10 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔
پروگرام مکمل کرنے کے بعد شرکا کو ہر موڈیول کے ساتھ شیئر کرنے کے قابل ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیا جاتا ہے، جسے وہ لنکڈ اِن جیسے پلیٹ فارمز پر اپنی پیشہ ورانہ پروفائل میں شامل کر سکتے ہیں۔





