ماحولیاتی آلودگی کا پھیلاؤ،نوشہرہ میں آئل ٹرمینلز کو نوٹس جاری

کامران علی شاہ

خیبر پختونخوا انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (EPA) نے نوشہرہ میں قائم پی ایس او (PSO) اور شیل (Shell) آئل ٹرمینلز کو ماحولیاتی آلودگی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے باقاعدہ نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

یہ کارروائی تحصیل کونسل پبی کے ممبر تیمور کمال کی درخواست پر عمل میں لائی گئی ہے۔

مراسلے کے مطابق 7 نومبر 2025 کو کیے گئے معائنے کے دوران ان ٹرمینلز میں ماحولیاتی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں رپورٹ کی گئی تھیں۔ ای پی اے نے پی ایس او ٹرمینل کے منیجر انچارج ارباب اسحاق اور شیل ڈپو کے انچارج اسامہ یوسف کو 17 مارچ 2026 کو سماعت کے لیے طلب کر لیا ہے۔

یہ نوٹس خیبر پختونخوا انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ 2014 کے سیکشن 17 کے تحت جاری کیا گیا ہے۔

ای پی اے حکام کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر ان کمپنیوں کو 50 ہزار سے لے کر 7 کروڑ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے جبکہ مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں یومیہ ایک لاکھ روپے اضافی جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔

مراسلے میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ شیل ڈپو تیل کی سپلائی کے لیے غیر قانونی طور پر عوامی سڑک کا استعمال کر رہا ہے جو کہ ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر مقررہ تاریخ پر ٹرمینل انتظامیہ پیش نہ ہوئی تو ان کے خلاف یکطرفہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔ نوٹس کی نقول ڈپٹی کمشنر نوشہرہ اور ای پی اے ہیڈ کوارٹر کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔

Scroll to Top