امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کے جلد خاتمے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو توقع سے زیادہ نقصان پہنچایا جا چکا ہے اور اب وہاں نشانہ بنانے کے لیے اہداف ہی باقی نہیں رہے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ جنگ بہت اچھی جا رہی ہے اور ہم اپنے مقررہ شیڈول سے بہت آگے ہیں۔ 6 ماہ کے لیے جو اہداف طے کیے تھے، وہ اس سے کہیں پہلے حاصل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے 47 سال تک تباہی پھیلائی اور اب وہ اس کی قیمت چکا رہا ہے، جب میں فیصلہ کروں گا یہ جنگ ختم ہو جائے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران صرف اسرائیل یا امریکا کا نہیں بلکہ خلیجی ریاستوں کا بھی دشمن بن چکا ہے اور تہران کی دشمنی اب پورے خطے تک پھیل چکی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ اور مواصلاتی نظام مفلوج ہو چکا ہے اور ایرانی قیادت کے دو درجےمکمل طور پر ختم کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ اپنے منطقی انجام کے قریب ہے اور اگرچہ اس ہفتے نہیں، لیکن بہت جلد اس کا خاتمہ ہو جائے گا۔





