وزیراعظم شہباز شریف چند گھنٹوں کے ہنگامی سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسن اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ اس دورے کے دوران دونوں رہنما خطے میں جاری کشیدگی، علاقائی سکیورٹی صورتحال، اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان باہمی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعظم کا یہ دورہ خطے میں امن و سلامتی کے فروغ، جنگ بندی اور سفارتی کوششوں کو فعال بنانے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان خطے میں جاری کشیدگی کو ختم کرنے، مذاکرات کو آگے بڑھانے، اور تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان سفارتکاری کے ذریعے حل تلاش کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔
سعودی عرب کا یہ دورہ دو طرفہ قریبی مشاورت اور خطے میں امن و سلامتی سے متعلق امور پر رابطوں کے سلسلے میں اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔





