خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کے خلاف عوامی مزاحمت کی نئی لہر سامنے آئی ہے جہاں مقامی عوام سیکورٹی فورسز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر عسکریت پسندوں کے خلاف میدان میں نکل آئے ہیں۔
ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کی خصوصی ہدایت پر لکی مروت پولیس، سی ٹی ڈی اور امن کمیٹی نے دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑا مشترکہ آپریشن شروع کر دیا ہے جس کے لیے بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ پولیس اور سی ٹی ڈی کی اضافی نفری علاقے میں روانہ کر دی گئی ہے۔
اس کارروائی کے دوران اب تک دو دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ چار کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے زیر استعمال دو موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی سجاد خان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور علاقے میں مکمل امن کی بحالی تک سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔





