گوگل میپس کی سب سے بڑی اپ گریڈ متعارف

گوگل میپس نے اپنی ایپ میں ایک نیا اے آئی فیچر آسک میپس متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے صارفین اب سیدھے سوال پوچھ کر مطلوبہ جگہ تلاش کر سکیں گے

گوگل میپس کی یہ اپ ڈیٹ گزشتہ دس سالوں میں گوگل میپس کی سب سے بڑی اپ گریڈ کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

آسک میپس ایک جدید اے آئی ٹول ہے جو صارفین کو عام تلاش کے علاوہ پیچیدہ اور حقیقی زندگی سے متعلق سوالات کے جوابات فراہم کرتا ہے۔

مثال کے طور پر صارف پوچھ سکتا ہے کہ شہر میں وہ کون سی ٹینس کورٹ ہے جہاں رات کے وقت لائٹس موجود ہوں یا ایسا ہیئر سیلون کہاں ہے جو گھنگریالے بالوں کے لیے خصوصی خدمات فراہم کرتا ہو۔

یہ فیچر معلومات حاصل کرنے کے لیے مختلف ذرائع استعمال کرتا ہے جن میں صارف کے سابقہ سرچ ریکارڈز، سرگرمیاں، ویب سائٹس، تصاویر اور دیگر صارفین کے ریویوز شامل ہیں۔

گوگل کے مطابق دنیا بھر کے تقریباً 30 کروڑ مقامات اور 50 کروڑ صارفین کے ریویوز سے حاصل شدہ معلومات فیچر کو زیادہ درست اور ذاتی نوعیت کا بناتی ہیں۔

گوگل میپس کی وائس پریزیڈینٹ مریم ڈینیئل نے اے بی سی نیوز کو بتایا کہ یہ اپ ڈیٹ پلیٹ فارم کے لیے ایک اہم قدم ہے اور اب ہر صارف کے لیے نقشہ زیادہ ذاتی اور مفید ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لوگ میپس استعمال کرتے ہیں تاکہ حقیقی دنیا میں اپنے منصوبے فوری طور پر عملی شکل دے سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل کا پاکستانی پروفیشنلز اور طلبہ کےلیے بڑا اعلان

نئے فیچر کے ذریعے مسافر مقامی مقامات، مشہور جگہیں، ریستوران اور دیگر خدمات کے بارے میں بھی آسانی سے معلومات حاصل کر سکیں گے۔

مثال کے طور پر صارف کسی شہر کے مشہور مقامات تلاش کرے تو گوگل میپس تصاویر، ریویوز، درجہ بندی اور دیگر تفصیلات کے ساتھ نتائج فراہم کرے گا، مزید یہ کہ کسی ریستوران میں کھانے کی سہولت یا انتظار کے وقت کا بھی فوری پتہ لگایا جا سکے گا۔

نیویگیشن میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں، اب نقشے میں کچھ عمارتیں شفاف انداز میں دکھائی جائیں گی تاکہ ڈرائیور آسانی سے دیکھ سکیں کہ آگے کون سا موڑ یا راستہ آ رہا ہے۔

مریم ڈینیئل کے مطابق شفاف عمارتیں ڈرائیور کو بہتر اندازہ دینے میں مدد کرتی ہیں کہ آگے کیا ہے اور کس سمت جانا ہے۔

گوگل کے مطابق یہ نئی خصوصیات جمعرات سے موبائل ایپ میں مرحلہ وار متعارف کی جا رہی ہیں جبکہ جلد ہی ان اے آئی فیچرز کو ایپل کار پلے میں بھی شامل کیا جائے گا۔

کمپنی نے مزید کہا کہ گاڑیوں کے نظام کے ساتھ مکمل انضمام کے وقت کا تعین ابھی جاری ہے لیکن آئندہ چند ہفتوں میں مزید صارفین تک آسک میپس اور دیگر اے آئی ٹولز دستیاب ہو جائیں گے۔

Scroll to Top