آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی:بھارت نے 250 رنز کا ہدف دیا، نیوزی لینڈ 205 رنز پر آؤٹ، میٹ ہنری کی پانچ وکٹیں
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آخری گروپ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 250 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 45.3 اوورز میں 205 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اہم گروپ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔ بھارت کی بیٹنگ کا آغاز مایوس کن تھا، ابتدائی تین کھلاڑی جلد ہی آؤٹ ہو گئے، مگر اکشر پٹیل اور شریاس آئیر نے چوتھی وکٹ پر 98 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ پٹیل 42 رنز اور آئیر 79 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ہاردک پانڈیا 45 اور رویندرا جدیجا 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بھارت نے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو 250 رنز کا ہدف دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کائل جیمیسن، راچن رویندرا، ول او رورک اور مچل سینٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کا آغاز بھی مایوس کن رہا اور ابتدائی وکٹیں جلد گر گئیں۔ کین ولیمسن 81 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے، مگر وہ بھی 169 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ آخرکار نیوزی لینڈ کی ٹیم 205 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ بھارت کے ورن چکرورتی نے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کلدیپ یادیو نے 2 اور پانڈیا، پٹیل اور جدیجا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس جیت کے ساتھ بھارت نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں ان کا مقابلہ 4 مارچ کو آسٹریلیا سے ہوگا۔