لاہور: پاکستان ریلویز نے عیدالفطر کے موقع پر مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے چار خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ ٹرینیں مختلف شہروں کے درمیان چلائی جائیں گی تاکہ عید کے دنوں میں بڑھنے والے رش کے دوران مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر ریلوے کی ہدایت پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ عید کے دنوں میں مسافروں کو اضافی سہولت فراہم کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں : عیدالفطر پر 20 اور 21 مارچ کو عام تعطیلات کا اعلان
اعلامیے میں چار عید اسپیشل ٹرینوں کا شیڈول بھی بتایا گیا ہے:پہلی ٹرین: 16 مارچ کو شام 7 بج کر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہو کر 17 مارچ کو دوپہر 3 بج کر 45 منٹ پر کراچی کینٹ اسٹیشن پہنچے گی۔
دوسری ٹرین: 17 مارچ کو صبح 10 بجے کوئٹہ سے روانہ ہو کر 18 مارچ کو شام 4 بج کر 30 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔
تیسری ٹرین: 17 مارچ کو شام 7 بجے کراچی سٹی اسٹیشن سے روانہ ہو کر 19 مارچ کو صبح 5 بجے پشاور کینٹ اسٹیشن پہنچے گی۔
یہ بھی پڑھیں : سانحہ باجوڑ: فوری تعزیتی بیان دینے پر وفاق کا شکریہ، صوبائی حکومت کی خاموشی پر باجوڑ پریس کلب کا اظہارِ افسوس
چوتھی ٹرین: 18 مارچ کو شام 7 بج کر 30 منٹ پر کراچی کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہو کر 19 مارچ کو شام 5 بج کر 30 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ عید اسپیشل ٹرینوں کا مقصد نہ صرف سفر کرنے والے مسافروں کو اضافی سہولت فراہم کرنا ہے بلکہ عید کے دوران بڑھتے ہوئے رش کو بھی کم کرنا ہے۔
پاکستان ریلویز کے حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹکٹ پہلے سے بک کروائیں تاکہ سفر کے دوران سہولت اور روانی برقرار رہے۔





