راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی سے آج منگل کو وکلا اور اہلِ خانہ کی ملاقات متوقع ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ملاقات کے لیے چھ وکلا رہنماوں کی فہرست جیل حکام کو ارسال کر دی گئی ہے۔
فہرست میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے نام شامل ہیں، جو دیگر وکلا کے ہمراہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے جیل پہنچیں گے۔ اس کے علاوہ فیصل ملک، چوہدری اویس یونس، خالد یوسف چوہدری اور وکیل فتح اللہ برکی بھی ملاقات کے لیے حاضر ہوں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق وکلا رہنما پارٹی کے امور، جاری قانونی معاملات اور آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے رہنمائی حاصل کریں گے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور بشریٰ بی بی کی فیملی کے افراد بھی ملاقات کے لیے آج اڈیالہ جیل پہنچیں گے۔ جیل حکام نے ملاقات کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی تیاریاں مکمل کر دی ہیں اور ملاقات مقررہ ضابطوں کے مطابق کرائی جائے گی۔





