آپریشن غضب للحق: اب تک پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے کتنے ٹھکانے تباہ کیے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

اسلام آباد: پاک فوج نے افغانستان میں فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن “غضب للحق” کو کامیابی کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے۔

وزارت اطلاعات کے مطابق مسلح افواج نے 16 مارچ کی شب سے افغان سرزمین پر دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں، جن میں کابل، ننگرہار، باجوڑ، کرم، تورخم، خیبر، شمالی اور جنوبی وزیرستان کے سیکٹرز شامل ہیں۔

آپریشن کے دوران دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ پاک فوج کے مطابق 707 دہشتگرد ہلاک اور 938 سے زائد زخمی ہوئے، افغان طالبان کی 255 پوسٹیں تباہ کی گئیں اور 44 چیک پوسٹوں پر قبضہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ 237 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور توپیں بھی تباہ کی گئیں۔

افغانستان میں دہشتگردوں اور ان کے معاون انفراسٹرکچر کے 81 مقامات کو فضائی کارروائی میں نشانہ بنایا گیا۔ کابل اور ننگرہار میں ڈرون سٹوریج، تکنیکی معاونت کے مراکز اور اسلحہ و سازوسامان کے ذخائر تباہ کیے گئے، جو طالبان اور دیگر دہشتگرد پاکستان کے شہریوں کے خلاف استعمال کر رہے تھے۔

پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ کارروائیوں کے دوران کسی بھی شہری آبادی یا سول انفراسٹرکچر کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔ دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنے والے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے تباہ کیا گیا، جبکہ افغان حکومت اور میڈیا کی جھوٹے دعووں کو بے بنیاد قرار دیا گیا۔

حکومتِ پاکستان نے عیدالفطر کے موقع پر افغانستان میں دہشتگرد عناصر کے خلاف جاری آپریشن میں عارضی وقفے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر بتایا کہ یہ فیصلہ عیدالفطر کے موقع پر اور برادر اسلامی ممالک سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کی درخواست پر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : ہمسایہ ملک میں شوال کا چاند نظر آگیا، عیدالفطر آج منائی جائے گی

افغانستان کی عبوری حکومت نے دوست ممالک اور ثالثوں کی نیک نیتی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک کی قومی سلامتی اور افغان عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اپنی قومی اور شرعی ذمہ داری سمجھتی ہے اور کسی بھی خطرے کی صورت میں ہر قسم کی جارحیت کا بہادری سے جواب دے گی۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد نے ایکس اکاؤنٹ پر اعلان کیا کہ عیدالفطر کے موقع پر اور سعودی عرب، ترکی اور قطر کی درخواست پر دفاعی آپریشن “رد الظلم” کو وقتی طور پر معطل کیا جائے گا۔

Scroll to Top