رمضان المبارک میں عمرہ کی آمد کا نیا ریکارڈ، اعداد و شمار جاری

ریاض: سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی تازہ رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک 2026 میں بیرونِ مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد 1.68 ملین رہی۔

وزارت کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ریاض الجنہ کے لیے 11 لاکھ زائرین نے پرمٹ حاصل کیے، جن کا تعلق 155 ممالک سے تھا۔

رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ، جدہ اور مدینہ منورہ میں قائم 30 نسک کیئرسینٹرز کے ذریعے زائرین کو 11 مختلف زبانوں میں تقریباً 153 ہزار خدمات فراہم کی گئی ہیں۔

مزید برآں 1966 زائرین کی دیکھ بھال اور رہنمائی مراکز میں ایک لاکھ 97 ہزار افراد نے رجوع کیا تاکہ عمرہ زائرین کو رہنمائی اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

رمضان کے دوران وزارت کی فیلڈ مانیٹرنگ ٹیموں نے رہائشی سیکٹرز کے 21 ہزار 500 وزٹ کیے تاکہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کی نگرانی کی جا سکے۔

قبل ازیں مکہ مکرمہ و مشاعر مقدسہ رائل کمیشن نے بتایا تھا کہ رمضان کے ابتدائی پندرہ دنوں میں مکہ مکرمہ کی حدود میں موجود میقیات کی مساجد میں تقریباً دو ملین عمرہ زائرین کی آمد ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : لورالائی میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب انٹیلی جنس آپریشن، فتنہ الخوارج کے 35 دہشتگرد ہلاک

مملکت کے مختلف شہروں سے رمضان المبارک میں عمرے کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ آنے والی گاڑیوں کی تعداد 2 لاکھ 91 ہزار 94 رہی۔

وزارتِ حج و عمرہ نے اس دوران عمرہ زائرین کی سہولت، رہنمائی اور سلامتی کے لیے اقدامات اور خدمات کی بھرپور یقین دہانی کرائی، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے انفراسٹرکچر اور انتظامات مضبوط اور موثر ہیں۔

Scroll to Top