راولپنڈی: عیدالفطر کے موقع پر پاکستانی قوم عید کی خوشیاں منا رہی ہے، لیکن وطن کے ہر انچ کی حفاظت کے لیے مامور پاک فوج کے بہادر جوان سرحدوں پر اپنی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں۔
دفاعِ وطن کے جذبے سے سرشار یہ جوان کھانا، مٹھائی اور ملی نغموں کے باوجود بھی ملک کی حفاظت کے لیے اپنوں سے دور عید منا رہے ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق وطن کے ہر حصے کی حفاظت کے لیے فوجی جوان مشرقی و مغربی سرحدوں، سیاچن کے برف پوش پہاڑوں، بلوچستان کی سنگلاخ چٹانوں، سندھ کے تپتے صحراؤں اور وزیرستان کے پہاڑوں تک اپنی عیدیں قربان کر رہے ہیں۔
یہ قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ دفاعِ وطن صرف جان ہتھیلی پر رکھنے کا نام نہیں، بلکہ دل کے ارمان قربان کرنے کا جذبہ بھی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ واحدی نے فیلڈ مارشل کیخلاف تحریک انصاف کا بھونڈا پروپیگنڈا بے نقاب کردیا
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاک فوج کے یہ بہادر اور جری جوان سرحدوں پر دشمن کے سامنے سینہ سپر ہیں اور ملک و قوم کی حفاظت کے لیے ہر وقت مستعد ہیں۔
آئی ایس پی آر نے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار ہمارے تمام شہدا اور غازیوں کے مرہونِ منت ہے۔ بیان میں کہا گیا:ان شہدا کو سلام۔ اللہ پاکستان پر اپنی رحمتیں جاری رکھے۔ آمین۔





