راولپنڈی:مسلح افواجِ پاکستان نے عیدالفطر کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف، ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی نیول اسٹاف، اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی ایئر اسٹاف نے مسلح افواج کی جانب سے تمام پاکستانیوں کو عید کی پرخلوص مبارکباد دی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عیدالفطر اتحاد، ہمدردی اور شکرگزاری جیسی اعلیٰ اقدار کی علامت ہے۔
مسلح افواج کے لیے عید کی اصل روح مادرِ وطن کی خدمت اور دفاع میں مضمر ہے، جہاں جوان اپنے خاندانوں سے دور رہ کر ملک میں امن و استحکام کو یقینی بناتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عیدالفطر: پاک فوج کے جوان سرحدوں پر دفاعِ وطن کے جذبے سے سرشار
آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج کے بہادر جوان اور افسران اپنی جرات و قربانیوں سے ملک کی حفاظت میں ہمیشہ سرگرم عمل ہیں، اور ان کے اہلِ خانہ کی غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہا گیا ہے۔
بیان کے اختتام پر دعا کی گئی کہ یہ عید پاکستان اور پوری امتِ مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور برکتوں کا پیغام لے کر آئے۔





