پی ایس ایل 11کی افتتاحی تقریب منسوخ، میچز شائقین کے بغیر کرانے کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن سے متعلق اہم اعلانات کرتے ہوئے کہا کہ لیگ کی افتتاحی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے اور میچز تاحکمِ ثانی شائقین کے بغیر کھیلے جائیں گے۔

محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اسٹیڈیمز میں تماشائیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ شہریوں کی نقل و حرکت محدود رکھنے کے لیے ٹورنامنٹ کو صرف دو شہروں، لاہور اور کراچی تک محدود کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملتان، پشاور اور راولپنڈی میں میچز نہ کرانے کا فیصلہ سیکیورٹی اور لاجسٹک وجوہات کی بنا پر کیا گیا۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 11 اپنے شیڈول کے مطابق 26 تاریخ سے شروع ہوگی اور افتتاحی تقریب کے بجائے براہِ راست میچز کا آغاز کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی کے فیصلے سے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ حکومت اب تک اخراجات کا بڑا حصہ برداشت کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11، جنوبی افریقہ کے تجربہ کار بلے باز کراچی کنگز کا حصہ بن گئے 

محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم اور سیکیورٹی اداروں سے مشاورت جاری ہے اور حالات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ لیگ میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی شرکت کے باعث سیکیورٹی سب سے اہم مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے اور چند کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے پیش نظر متبادل انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، اے کیٹیگری کے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی بڑی تعداد لیگ میں شریک ہوگی۔

چیئرمین پی سی بی نے فرنچائزز کو درپیش ممکنہ مالی نقصان سے متعلق کہا کہ بورڈ ان کے نقصانات کم کرنے کے لیے معاونت فراہم کرے گا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ حالات بہتر ہوتے ہی شائقین کو دوبارہ اسٹیڈیمز میں آنے کی اجازت دے دی جائے گی۔

محسن نقوی نے پشاور کے شائقین سے وعدہ پورا نہ ہونے پر معذرت بھی کی اور عندیہ دیا کہ آئندہ سیزن میں حیدرآباد اور مظفرآباد سمیت مزید شہروں میں میچز کرانے کی کوشش کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ پاکستان سیکیورٹی کے لحاظ سے محفوظ ملک ہے اور ریجنل صورتحال کے باوجود پی ایس ایل کے انتظامات جاری ہیں۔

Scroll to Top