نامور امریکی جریدے فنانشل ٹائمز نے اپنی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری ایران امریکہ بحران کو ختم کرنے اور خطے کو ایک بڑی جنگ سے بچانے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس نازک صورتحال میں انتہائی متحرک ہو چکے ہیں اور انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم رابطہ کیا ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کو کم کرنا ہے۔
پاکستان اس وقت بیک چینل سفارتکاری کے ذریعے تہران اور واشنگٹن کے درمیان امن کی راہ ہموار کرنے کی بھرپور کوششوں میں مصروف ہے تاکہ خطے کو کسی بھی بڑے جانی و مالی نقصان سے بچایا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق اسی سفارتی مشن کے سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے رابطہ کیا ہے تاکہ دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کی راہ ہموار کی جا سکے۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستانی قیادت کی ان تیز تر کوششوں کا بنیادی مقصد خطے میں ممکنہ فوجی تصادم کو روکنا اور مستقل امن کا قیام ہے۔





