بھارتی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں پر مشتمل ایک کنسورشیم نے آئی پی ایل کی معروف فرنچائز رائل چیلنجرز بینگلورو کو تقریباً 1.78 ارب امریکی ڈالر میں خرید لیا ہے، جسے کرکٹ کی دنیا کی ایک بڑی کاروباری ڈیل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ مکمل آل کیش معاہدہیونائیٹڈ اسپرٹس لمیٹڈ (یو ایس ایل) کی جانب سے کیا گیا، جو اس سے قبل آئی پی ایل اور ویمنز پریمیئر لیگ (وی پی ایل) میں آر سی بی ٹیموں کی مالک تھی۔
یو ایس ایل کے جاری کردہ بیان کے مطابق کمپنی کے بورڈ نے فرنچائز کی فروخت کی منظوری ایک ایسے کنسورشیم کو دی جس میں کئی بڑے کاروباری گروپس شامل ہیں، جن میں، ادتیہ برلا گروپ، ٹائمز آف انڈیا گروپ، بولٹ وینچر، بلیک اسٹون کی پرائیویٹ ایکویٹی اسٹریٹیجی بی ایکس پی ای شامل ہیں۔
اس معاہدے کے بعد آر سی بی کی مردوں اور خواتین کی ٹیمیں، جو پہلے یو ایس ایل کی ذیلی کمپنی رائل چیلنجرز اسپورٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے تحت چل رہی تھیں، اب مکمل طور پر نئے کنسورشیم کی ملکیت اور انتظام میں آ جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل و وزیراعظم کے خلاف پراپیگنڈا ناقابل قبول، پاکستان انتشار پھیلانے والوں کو شکست دے گا،مولانا طاہر اشرفی
اس ڈیل کی خاص بات اس کی غیر معمولی مالیت ہے۔ 1.78 ارب ڈالر کی یہ ڈیل 2021 میں بی سی سی آئی کی جانب سے فروخت کی گئی لکھنؤ اور احمد آباد آئی پی ایل فرنچائزز کی مجموعی مالیت 1.69 ارب ڈالر سے بھی زیادہ ہے، جو اس کی اہمیت کو مزید بڑھاتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فروری میں جب آر سی بی کے لیے ممکنہ سرمایہ کاروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، اس وقت یہ کنسورشیم موجود ہی نہیں تھا۔ بعد ازاں مختلف اداروں نے مل کر اس بڑے معاہدے کو حتمی شکل دی۔
مزید اہم پہلو یہ ہے کہ آر سی بی کی مردوں اور خواتین کی ٹیمیں اس وقت اپنی اپنی لیگز میں موجودہ چیمپئنز ہیں، جس نے فرنچائز کی مارکیٹ ویلیو کو مزید بڑھا دیا۔





