اسلام آباد: سندھ حکومت نے شہریوں کی تفریح کے فروغ کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کراچی میں ایک بار پھر ڈرائیو اِن سنیما بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہر قائد کے شہریوں کو جدید اور منفرد تفریحی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ ثقافت و سیاحت و نوادرات کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری ثقافت و سیاحت خیر محمد کلوڑ سمیت مختلف اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی، جن میں ڈائریکٹر جنرل ثقافت، ڈائریکٹر جنرل لائبریریز، ڈائریکٹر جنرل گورکھ ہل اسٹیشن، ایم ڈی سیاحت اور دیگر متعلقہ حکام شامل تھے۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری کردہ کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی اور محکمہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر حکام نے مختلف جاری اور مجوزہ منصوبوں پر بریفنگ بھی دی۔
اجلاس میں طے پایا کہ کفایت شعاری مہم کے بعد محکمہ ثقافت و سیاحت متعدد اہم منصوبوں پر کام تیز کرے گا، جن میں کراچی میں ڈرائیو اِن سنیما کی بحالی سرِفہرست ہے۔
اس کے علاوہ کراچی سے سکھر تک ٹرین سفاری کے تیسرے مرحلے کے آغاز کا بھی فیصلہ کیا گیا، جس سے سیاحت کے فروغ میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ میں پاکستان کی آواز بلند، اسرائیلی تشدد فوری روکنے کا مطالبہ
مزید برآں حیدرآباد، میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد کے آرٹس کونسلز کو فعال بنانے پر بھی غور کیا گیا تاکہ ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ وفا ناتھن شاہی لائبریری خیرپور ناتھن شاہ، مورو کلچر سینٹر اینڈ لائبریری اور پبلک لائبریری کشمور کو جلد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ گورکھ ہل اسٹیشن پر گورکھ فیسٹیول کے انعقاد کا بھی اعلان کیا گیا، جو سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے نہ صرف شہریوں کو بہتر تفریحی اور ثقافتی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ صوبے میں سیاحت کے شعبے کو بھی فروغ ملے گا۔





