عمران خان کی صحت پر خدشات! شیخ وقاص اکرم نے خفیہ معائنے کی مذمت کرتے ہوئے فوری اقدام کا مطالبہ کر دیا

عمران خان کی صحت پر خدشات! شیخ وقاص اکرم نے خفیہ معائنے کی مذمت کرتے ہوئے فوری اقدام کا مطالبہ کر دیا

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے جیل میں خفیہ طبی معائنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذاتی معالجین کی اجازت کے بغیر کوئی بھی طبی عمل ناقابل قبول ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ جیل میں خفیہ طبی اقدامات انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہیں اور عمران خان کی صحت سے متعلق شدید خدشات پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فیملی اور وکلاء سے ملاقاتوں پر عائد پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں اور عمران خان کو فوری طور پر شفاء انٹرنیشنل منتقل کیا جائے۔

شیخ وقاص اکرم نے اس موقع پر حکومت کی معاشی پالیسیوں پر بھی سخت تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’عید گفٹ کے نام پر عوام کو دھوکا دیا گیا، ہائی اوکٹین اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے، جس نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ 390 ارب روپے کے کنٹنجنسی فنڈ پر شفاف تحقیقات کی جانی چاہئیں، پیٹرولیم لیوی میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور حکومت اپنی شاہ خرچیاں کم کرے تاکہ عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔

مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ موجودہ توانائی بحران اور مہنگائی کا طوفان حکومتی پالیسیوں اور خارجہ پالیسی کی ناکامی کا نتیجہ ہے۔ عوامی ریلیف کے دعوے صرف اعداد و شمار کی ہیرا پھیری ہیں، جو حقیقی مسائل حل کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

شیخ وقاص اکرم کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت عوامی حقوق اور سابق وزیرِ اعظم کی صحت کے تحفظ کے حوالے سے حکومت پر دباؤ بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

Scroll to Top