پشاور میں گندگی کے ڈھیر اور مچھروں کی بھرمار! خیبر پختونخوا حکومت کی غفلت شہریوں کیلئے خطرے کا سبب بن گئی

پشاور میں گندگی کے ڈھیر اور مچھروں کی بھرمار! خیبر پختونخوا حکومت کی غفلت شہریوں کیلئے خطرے کا سبب بن گئی

عیدالفطر کے بعد موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی پشاور کے مختلف علاقوں میں مچھروں اور مکھیوں کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، جس سے ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ شہریوں کی لاپرواہی اور متعلقہ اداروں کی غفلت نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اندرون شہر کے علاقے جیسے پیرا غائب بابا روڈ، آرمی سپلائی گیٹ، ریلوے پھاٹک، انصاف ٹاؤن، غریب آباد، فقیر آباد، افغان کالونی، اعجاز آباد، گلبہار، نوتھ اور دیگر گنجان آباد علاقوں میں صفائی کا نظام ابتر ہو چکا ہے۔

ڈبلیو ایس ایس پی اور دیگر متعلقہ ادارے مؤثر اقدامات میں ناکام رہے ہیں جبکہ شہری بھی لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جگہ جگہ کوڑا کرکٹ پھینک رہے ہیں، جس سے مچھر اور مکھیوں کی افزائش میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

علاقائی افراد اور مقامی حلقوں نے فوری سپرے اور صفائی مہم شروع کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے تاکہ ڈینگی اور دیگر بیماریوں کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ فوری اقدامات نہ کیے گئے تو شہر میں وبائی امراض پھیلنے کا امکان ہے اور شہریوں کی زندگی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

Scroll to Top