موبائل پر فائیو جی سروسز فعال کرنے کا طریقہ کار جانئے

پاکستان میں جدید ترین فائیو جی سروسز کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے جس کے بعد ملک بھر کے صارفین تیز رفتار انٹرنیٹ اور بہتر ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی کے ایک نئے دور میں داخل ہونے کے لیے تیار ہیں۔

اس جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کو اپنے اسمارٹ فونز پر مخصوص سیٹنگز کو فعال کرنا ہوگا تاکہ وہ بغیر کسی تعطل کے تیز ترین ڈاؤن لوڈنگ اور سٹریمنگ کا تجربہ حاصل کر سکیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فائیو جی ٹیکنالوجی نہ صرف عام صارفین بلکہ کاروباری شعبوں میں بھی انقلاب برپا کرے گی تاہم اس کے لیے درست سیٹ اپ اور کوریج والے علاقے میں موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے۔

اینڈرائیڈ موبائل استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فائیو جی سروس کو فعال کرنے کا طریقہ نہایت سادہ ہے جس کے لیے انہیں سب سے پہلے اپنے فون کی سیٹنگز میں جانا ہوگا۔ وہاں موجود موبائل نیٹ ورکس کے آپشن کو منتخب کرنے کے بعد اگر ایک سے زائد سم کارڈز استعمال ہو رہے ہوں تو اس سم کا انتخاب کریں جس پر انٹرنیٹ استعمال کرنا مقصود ہو۔

اس کے بعد پریفرڈ نیٹ ورک ٹائپ (Preferred Network Type) میں جا کر دستیاب آپشنز میں سے 5جی کو منتخب کرنے سے سروس فعال ہو جائے گی، لیکن اگر وہاں فائیو جی کا آپشن نظر نہ آئے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کا موجودہ ہینڈ سیٹ اس جدید ٹیکنالوجی کو سپورٹ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

آئی فون صارفین کے لیے بھی طریقہ کار واضح کیا گیا ہے جس کے تحت وہ سیلولر ڈیٹا کی سیٹنگز میں جا کر 5جی موڈ کو فعال کر سکتے ہیں بشرطیکہ ان کا ڈیوائس اس فیچر کو سپورٹ کرتا ہو۔ یہاں یہ بات ذہن نشین رہے کہ فائیو جی سروسز کے حصول کے لیے صرف سیٹنگز کی تبدیلی کافی نہیں بلکہ صارف کا ایسے علاقے میں ہونا بھی ضروری ہے جہاں متعلقہ کمپنی کی فائیو جی کوریج موجود ہو۔

اگر تمام درست سیٹنگز کے باوجود کنیکٹیوٹی کا کوئی مسئلہ درپیش ہو تو صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے موبائل کو ری سٹارٹ کریں یا نیٹ ورک سیٹنگز کو ری فریش کریں اور مسلسل دشواری کی صورت میں اپنے نیٹ ورک فراہم کنندہ کے نمائندے سے رابطہ کریں تاکہ تکنیکی رکاوٹ دور کی جا سکے۔

Scroll to Top