وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے اپنے حلقے میں رمضان پیکج کی غیرمنصفانہ تقسیم کے خلاف شدید احتجاج

خیبرپختونخوا کے ضلع خیبرکی تحصیل جمرود میں باب خیبر کے مقام پر وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے اپنے انتخابی حلقے میں رمضان پیکج کی مبینہ غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ہے۔

مظاہرے میں بزرگ شہریوں اور خواتین کے ساتھ ساتھ بچوں نے بھی شرکت کی جنہوں نے پیکج کی تقسیم میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے غریب عوام کے لیے اعلان کردہ ریلیف ان تک پہنچنے کے بجائے مبینہ طور پر اقربا پروری اور سیاسی بنیادوں پر تقسیم کیا جا رہا ہے جس سے حقدار خاندان محروم رہ گئے ہیں۔

مظاہرے کے دوران بچوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر رمضان پیکج کے خلاف احتجاجی نعرے درج تھے اور انتظامیہ سے شفافیت کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان سے شناختی کارڈز کی کاپیاں وصول کرنے کے باوجود انہیں وزیر اعلیٰ رمضان پیکج فراہم نہیں کیا گیا ۔

مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ اس امدادی پیکج کی تقسیم میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی گئی ہے اور میرٹ کو مکمل طور پر پامال کرتے ہوئے مخصوص افراد کو نوازا گیا ہے۔

مظاہرین نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے حلقے میں ہونے والی اس مبینہ کرپشن اور میرٹ کے خلاف تقسیم کا فوری نوٹس لیں اور اس معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کرائی جائے۔

Scroll to Top