وزارت مذہبی امورنےحج پروازوں کا شیڈول جاری کردیا

وزارت مذہبی امورنےحج پروازوں کا شیڈول جاری کردیا

شیراز احمد شیرازی

وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستان سے حج پروازوں کا آغاز 18 اپریل سے ہوگا جو 34 روز تک جاری رہنے کے بعد 21 مئی کو اختتام پذیر ہوگا۔

وزارت مذہبی امور سے جاری اعلامیہ کےمطابق اس سال سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 468 پروازوں کے ذریعے ایک لاکھ 19 ہزار عازمین کو حجازِ مقدس پہنچایا جائے گا، جن میں 67 ہزار 230 مرد اور 51 ہزار 846 خواتین شامل ہیں۔

آپریشن کے پہلے 15 روز عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا جس کے لیے 186 پروازیں مختص ہیں، جبکہ جدہ کے لیے 282 پروازوں کا آغاز 4 مئی سے ہوگا۔

پاکستان کے 8 بڑے شہروں سے حج پروازیں چلائی جائیں گی جن میں اسلام آباد سے 129، کراچی سے 124 اور لاہور سے 104 پروازیں روانہ ہوں گی۔ اس کے علاوہ ملتان سے 34، سیالکوٹ سے 26، فیصل آباد سے 23، کوئٹہ سے 18 اور سکھر سے 5 پروازیں عازمین کو لے کر روانہ ہوں گی۔

اس حج آپریشن میں پی آئی اے، ایئر بلیو، ایئر سیال اور سعودی فضائی کمپنی حصہ لے رہی ہیں۔ 18 اپریل کو پہلے روز کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے چار پروازیں عازمین کو مدینہ منورہ پہنچائیں گی جبکہ مدینہ کے لیے پہلی لانگ حج پرواز 7 مئی کو چلے گی۔

وزارت مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پرواز کی معلومات پاک حج موبائل ایپ اور وزارت کی آفیشل ویب سائٹ سے حاصل کریں۔

Scroll to Top