خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی مشتاق گروپ کے دو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سی ٹی ڈی ڈیرہ ریجن نے تھانہ گومل کی حدود شیخ اوتار میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا جس کے دوران دہشت گردوں اورسی ٹی ڈی کے درمیان تقریباً 40 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
فائرنگ تھمنے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران دہشت گرد امداد اللہ اور توقیر مردہ پائے گئے، جن کے قبضے سے دو کلاشنکوفیں، میگزین اور دیگر گولہ بارود برآمد ہوا۔
ہلاک ہونے والے دہشت گرد امداد اللہ اور توقیر سنگین نوعیت کی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق یہ دہشت گرد ایک آئی ای ڈی حملے میں 5 پولیس اہلکاروں کی شہادت، گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول روڑی میں اہلکاروں کو یرغمال بنانے اور کنوڑی پتن میں پولیس وین پر حملے میں ملوث تھے جس میں دو اہلکار شہید ہوئے تھے۔
اس کے علاوہ مذکورہ دہشت گرد ڈیرہ ٹانک روڈ پر ججز کے قافلے اور پولیس موبائل پر حملوں سمیت ہیڈ کانسٹیبل عزیز کی ٹارگٹ کلنگ اور کانسٹیبل ریحان کے اغوا و شہادت کے مقدمات میں بھی مطلوب تھے۔
آئی جی خیبرپختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے اس کامیاب کارروائی پر اسپیشل ویپنز اینڈ اسٹرائیک ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہاہے کہ پولیس جوان عوام کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت مستعد ہیں اور صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس طرح کے ٹارگٹڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ شرپسند عناصر کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔





