کامران علی شاہ
خیبر پختونخوا پولیس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے گریڈ 18 کے متعدد افسران کے تبادلے اور تعیناتیوں کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، گریڈ 18 کے چار افسروں کو ان کے موجودہ عہدوں سے ہٹا کر سینٹرل پولیس آفس (CPO) پشاور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان افسران میں ڈی پی او ہنگو خان زیب، شہزادہ کوکب فاروق (سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر)، ڈی پی او کوہستان عبدالسلام خالد اور محمد عارف (سی پی ایس ایس یو) شامل ہیں۔
تعیناتیوں کے نئے سلسلے میں اے آئی جی طارق حبیب کو ڈی پی او ہنگو مقرر کیا گیا ہے جبکہ امجد حسین ڈائریکٹر پولیس اسکول مردان کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ارباب سیف اللہ جان کو ڈی پی او کولئی پالس کوہستان اور ظفر احمد کو ڈی پی او لوئر کوہستان تعینات کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح مظہر جہان کو ایس پی انویسٹی گیشن کرک سے تبدیل کر کے اے آئی جی آئی اے بی تعینات کیا گیا ہے جبکہ کمال حسین ان کی جگہ ایس پی انویسٹی گیشن کرک کے فرائض انجام دیں گے۔
دیگر تعیناتیوں میں جہانزیب کو قائم مقام ایس پی ایڈمن ایس ایس یو، مہر علی کو قائم مقام ایس پی ایس ایس یو اور اسد علی شاہ کو قائم مقام ایس پی انویسٹی گیشن کرم تعینات کیا گیا ہے۔





