وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہےجس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو اور دونوں ممالک کے عوام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں جاری کشیدگی اور جنگ کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قطر اور دیگر برادر خلیجی ممالک کے خلاف ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے ان حملوں میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے امیر قطر کو اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی جانب سے مکمل یکجہتی اور ہر ممکن حمایت کا یقین دلایا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے موجودہ بحران میں قطر کے غیر معمولی صبر و تحمل کو سراہا اور امیر قطر کو پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں اور امن کی بحالی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان مسلسل تمام فریقین پر کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کو ڈائیلاگ اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر زور دے رہا ہے۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کی تعریف کی، جبکہ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔





