جنگ بندی پر بات چیت کے لیے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان کا دورہ کریں گے، سی این این

سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس رواں ہفتے کے آخر میں پاکستان کا اہم دورہ کر سکتے ہیں جہاں ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے اور جنگ بندی کا راستہ تلاش کرنے کے لیے مذاکرات کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

دو سینئر انتظامی عہدیداروں نے سی این این کو بتایا کہ اس دورے میں جے ڈی وینس کے ہمراہ دیگر اعلیٰ حکام کی شرکت بھی ممکن ہے تاہم دورے کے وقت، مقام اور شرکاء کے حوالے سے حتمی فیصلہ ابھی زیرِ غور ہے۔

ذرائع کے مطابق ان مذاکرات کے لیے ترکیہ کے نام پر بھی غور کیا گیا ہے۔ پاکستان اس وقت امریکہ اور ایران کے درمیان سفارت کاری میں ایک کلیدی ثالث کے طور پر ابھرا ہے اور اس نے واشنگٹن کا مجوزہ 15 نکاتی امن منصوبہ ایران تک پہنچایا ہے جس میں تہران کے جوہری عزائم اور بیلسٹک میزائل پروگرام جیسے حساس معاملات شامل ہیں، جبکہ اس عمل میں ترکیہ نے بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔

گزشتہ روز صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی تھی کہ جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، ان کے داماد جیرڈ کشنر اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف ایران کے ساتھ مذاکرات کی قیادت کر رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں ان مذاکرات اور دورے کی تفصیلات پر مشاورت جاری ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا مارکو روبیو، جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف بھی جے ڈی وینس کے ساتھ اس دورے میں شریک ہوں گے یا نہیں۔

Scroll to Top