اسلام آباد: پاکستان اور چین کی بحری افواج کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم مشقیں جاری ہیں، جن کا باقاعدہ آغاز پاک بحریہ اور پیپلز لبریشن آرمی (چین) کے درمیان ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کا جہاز “داچھنگ” پاکستان پہنچ گیا ہے تاکہ سی گارڈین مشق کے چوتھے مرحلے میں حصہ لے سکے۔
پاک بحریہ کے حکام نے چینی جہاز کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور رسمی استقبالیہ کے دوران روایتی انداز میں جہاز کو بندرگاہ تک پہنچایا گیا۔
سی گارڈین مشق25مارچ سے2 اپریل2026 تک جاری رہے گی اور اس دوران بندرگاہ اور سمندر میں مختلف سرگرمیاں منعقد ہوں گی۔ مشق کا مقصد دونوں دوست بحری افواج کے درمیان مہارت، تجربات اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کے دوران گنری فائرنگ، مشترکہ گشت اور بحری سلامتی کی دیگر کارروائیاں بھی شامل ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کو غلط اندازے نہیں لگانے چاہئیں، نتائج سنگین ہو سکتے ہیں، وائٹ ہاؤس ترجمان
اس کے علاوہ نوجوان افسران کے لیے عصری موضوعات پر سیمینارز اور ماہرین کے سیشنز بھی شیڈول کا حصہ ہیں، تاکہ تربیت اور علمی تبادلے کو فروغ دیا جا سکے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سی گارڈین مشقیں دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے مشترکہ عزم کی عکاس ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشقیں خطے میں مستحکم سمندری ماحول قائم کرنے اور دونوں ممالک کی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔





