اقوام متحدہ کے جنیوا دفتر میں قطر کی نمائندہ ہند بنت عبدالرحمان المفتاح نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جاری کشیدگی میں قطر کا کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ کسی بھی قسم کی کشیدگی میں شامل نہیں ہوگا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے واضح کیا کہ قطر نے ہمیشہ خود کو اس تنازع سے الگ رکھا ہے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی میں حصہ نہیں لینا چاہتا۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی ایسے ملک کو نشانہ بنانا جو تنازع کا حصہ نہیں، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے مترادف ہے اور عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔
قطری مندوب نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے قطر اور دیگر پڑوسی ممالک کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، تاہم قطر نے ہمیشہ کشیدگی میں شامل ہونے سے انکار کیا اور خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے اپنا موقف واضح کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ہماری کوشش ہوگی کہ ہر میچ میں بہترین کھیل پیش کریں، شاہین اور بابر
ہند بنت عبدالرحمان نے زور دیا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باوجود قطر عالمی قوانین اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کرے گا اور اپنے دفاع اور عالمی امن کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرتا رہے گا۔





