پشاور: فرنٹیئر کور کے پی نارتھ کے زیر اہتمام قلعہ بالا حصار پشاور میں گرینڈ خیبر جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس میں قبائلی ضلع خیبر کے مختلف علاقوں کے مجموعی طور پر 114 ملک و مشران نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ اور آئی جی ایف سی کے پی نارتھ، میجر جنرل راؤ عمران سرتاج سمیت دیگر سرکاری اور فوجی افسران بھی موجود تھے۔
چیف سیکرٹری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائل کے ساتھ مسلسل مشاورت کے ذریعے تمام مسائل کو حل کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تیراہ میدان میں پولیس، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کی صلاحیت بڑھانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ چیف سیکرٹری نے بتایا کہ تیراہ میدان میں کئی ترقیاتی منصوبے جلد شروع کیے جائیں گے، جن میں شامل ہیں، سڑکوں کی تعمیر،زرعی ترقی کے اقدامات، صاف پانی کی فراہمی، سولرائزیشن، تحصیل انتظامیہ کی استعداد بڑھانا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 13,500 ٹی ڈی پیز کو معاوضہ ادا کیا جا چکا ہے جبکہ باقی متاثرین کی ادائیگی کا عمل جاری ہے۔
جرگے میں ملک و مشران نے خیبر کے مختلف مسائل پر روشنی ڈالی اور کہا کہ عام طور پر خیبر اور خاص طور پر تیراہ میدان کی ترقی کے لیے امن و استحکام کی بحالی ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران مذاکرات چاہتا ہے، مگر قیادت اپنی عوام سے ڈرتی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ
قبائلی عمائدین نے حکومت اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا اور حکومت سے اپنے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
آئی جی ایف سی کے پی نارتھ، میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے اپنے اختتامی ریمارکس میں کہا کہ کسی کو بھی خیبر خصوصاً تیراہ میدان کے امن و استحکام میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آخر میں جرگے کے شرکاء نے آئی جی ایف سی کے پی نارتھ اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ کا شکریہ ادا کیا اور کامیاب جرگے کے انعقاد کو سراہا۔





