سوشل میڈیا کمپنی ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے جعلی اکاؤنٹ ‘بہوت بلوچ’ کو مستقل طور پر معطل کر دیا ہے، جو افواجِ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا اور نفرت انگیز مواد پھیلا رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق یہ جعلی اکاؤنٹ بھارتی را کے افسر کرنل دیپک نیگی کے زیر انتظام استعمال کیا جا رہا تھا، جس کا مقصد پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنا اور پاکستانی فوج کو ہدف بنانا تھا۔ کمپنی کی انتظامیہ نے کرنل دیپک نیگی کے اس اکاؤنٹ کو مستقل طور پر بند کر دیا ہے، جس سے بھارت کی اس منصوبہ بندی کو شدید دھچکا لگا ہے۔
سوشل میڈیا ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت نے گزشتہ عرصے میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث متعدد جعلی اکاؤنٹس بنائے اور ان کے ذریعے پاکستان آرمی اور ملک کے خلاف نفرت پھیلائی۔
پاکستان نے ہمیشہ عالمی سطح پر بھارت کے دہشت گردانہ اقدامات اور سرحدی دہشت گردی میں ملوث کردار کو بے نقاب کیا ہے۔ اس اقدام کے بعد ایک بار پھر بھارت کی پاکستان دشمن مہم کا پردہ فاش ہو گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف پروپیگنڈا کے خلاف سخت اقدامات مستقبل میں ایسے جعلی نیٹ ورکس کو ناکام بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے، اور افواجِ پاکستان کی شبیہ اور قومی سلامتی کے مفادات کی حفاظت میں اہم کردار ادا کریں گے۔





