پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں محض خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف بیانات دینے کے لیے پنجاب کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔
ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھا کہ عظمیٰ بخاری کے پاس اپنے صوبے کے لیے کوئی قابل ذکر کارکردگی نہیں، اسی لیے وہ خیبرپختونخوا حکومت پر بے جا تنقید کرکے اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کو علی امین گنڈاپور کی طرح عوامی فلاح کے منصوبوں پر توجہ دینی چاہیے، کیونکہ صرف ذاتی تشہیر کرنے سے صوبہ ترقی نہیں کرتا۔
پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ظاہر شاہ طورو نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کابینہ میں شامل بیشتر وزراء کرپٹ مافیا کا حصہ ہیں اور عوام اس “جعلی حکومت” کو مزید برداشت نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں وزیر اعلیٰ کی قیادت میں صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور یہاں کے عوامی منصوبے حقیقی فلاح و بہبود پر مبنی ہیں، نہ کہ محض دکھاوے کے لیے۔
ظاہر شاہ طورو نے پنجاب حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ خیبرپختونخوا کی قیادت پر تنقید کرنے کے بجائے اپنے صوبے کے مسائل حل کرنے پر توجہ دے، ورنہ عوام جلد ہی ان کے خلاف فیصلہ سنا دیں گے۔